ملک توڑنے کی باتیں قابل مذمت ہیں،ملک توڑنے کی باتیں کرنے والوں کو ڈھیل نہیں دی جائے گی؛ دانیال چوہدری

24

اسلام آباد،29 مئی ( اے پی پی ) ترجمان قانونی امور بیرسٹر عقیل اور بیرسٹر دانیال چوہدری نے ملک توڑنے کی باتوں کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ سیاسی ٹولہ ایک بار پھر سانحہ نومئی جیسے واقعہ کو دھرانے کی کوشش کررہاہے ،نومئی کا پروپیگنڈا اب نہیں چلے گا، ایک جماعت کی جانب سے سیاسی مفاد کوملکی مفاد پر ترجیح دی جارہی ہے ، پی ٹی آئی والے اقتدار میں آنے کے لیے ہر حربہ استعمال کررہے ہیں ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ترجمان قانونی امور بیرسٹر عقیل نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی ملک توڑنے کی باتیں قابل مذمت ہیں ،نومئی کی طرح لوگوں کو دوبارہ اشتعال دلانے کی سازش ہورہی ہے ،ایک سیاسی جماعت موجودہ صورتحال کا 1971سے موازنہ کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی ٹولہ ایک مرتبہ پھر نومئی جیسے سانحہ کی کوشش میں ہے ،قوم کو بتایاجائے کہ سوشل میڈیا پر سقوط ڈھاکہ کی مہم کس نے چلائی ؟،1971میں ملک دولخت ہوا، عوام کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ،نومئی کی طرح کا منفی پروپیگنڈا اب نہیں چلے گا ، سوشل میڈیا پر ملک توڑنے کی سازش کا آغاز ہوچکاہے ۔انہوں نے کہاکہ ملکی مفادات کے خلاف سازش کرنے والوں کو کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

اس موقع پر بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہاکہ پاکستان کے خلاف ایک مخصوص مہم چلائی جارہی ہے ،نواز شریف تمام تر مخالفت کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے گئے ،سیاسی جماعتوں کے ساتھ اختلاف ہونا جمہوریت کا لازمی جزو ہے ، بانی پی ٹی آئی پاکستان کی سالمیت کے خلاف بات کررہے ہیں ،پی ٹی آئی نے ملکی معیشیت کو داﺅ پر لگا دیا ۔

انہوں نے کہاکہ مسلح افواج اور شہداءکے خلاف منفی مہم کی جرات آج تک دشمن کو بھی نہ ہوسکی ،پی ٹی آئی والے سوشل میڈیا پر افواج پاکستان اور اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں ،افواج پاکستان ملکی سرحدوں کی ضامن ہیں ،کسی کو بھی پاکستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہاکہ یہ کیسی سوچ ہے کہ میں ہوں تو ٹھیک ،نہیں تو ملک کو آگ لگادو،احتساب کا نعرہ لگانے والوں نے کے پی کے میں احتساب کے دفتر کو تالے لگا دیئے ،آئی ایم ایف بلڈنگ کے باہر پاکستان مخالف نعرے لگوائے گئے ،پی ٹی آئی والوں نے نوجوانوں کے دلوں میں نفرت کے بیج بوئے ،پی ٹی آئی والے نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کرے ،مہنگائی میں کمی سمیت دیگر عوامی فلاح کے مثبت اقدامات پی ٹی آئی کو ہضم نہیں ہورہے ۔