اسلام آباد،16مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک میں کاروبار کے فروغ کیلئے صوبوں اور وفاق کے اشتراک سے مربوط نظام تشکیل دیا جائے گا جبکہ سرمایہ کاری کو تحفظ دینے کیلئے صوبوں کی مشاورت سے صوبائی سطح پر بھی قانون سازی کیلئے کہیں گے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ایز آف ڈوئنگ بزنس کے حوالے سے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ، محمد اورنگزیب وفاقی وزیر تجارت جام کمال، مشیر وزیراعظم رانا احسان افضل نے بھی شرکت کی ۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کہنا تھا کہ ایز آف ڈوئنگ بزنس سے متعلق تجاویز، قانون سازی اور دیگر اہم امورکو جلد حتمی شکل دی جائے جبکہ سرمایہ کاری اورکاروبار کے فروغ کے مجوزہ منصوبے ٹائم لائن کے ساتھ وزیراعظم کو پیش کرینگے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سسٹم، اداروں اور طریقہ کار سے متعلق خرابیوں کو دور کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے، وفاقی حکومت سرمایہ کاری سے متعلق صوبوں اور وزرائے اعلیٰ کو بھی اعتماد میں لے گی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری طبقے کی سہولت کے لئے سپیشل اکنامک زونز کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ترقی یافتہ ممالک کی طرز پرہمیں بزنس کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا:
اجلاس میں وفاقی سیکریٹریز، چیئرمین ایس ای سی پی، اور متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے سینئر افسران بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پر مختلف محکموں کی طرف سے” ایز آف ڈوئنگ بزنس” کے اجراء پر اظہار اطمینان، تجاویز و مشاورت کی گئی۔