پشاور، 16مئی (اے پی پی):کمشنر ریاض خان محسود نے کہا ہے کہ منشیات سے پاک پشاور کے لئے الخدمت فاونڈیشن اور دیگر اداروں کے تعاون سے مہم کا جلد دوبارہ آغاز کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نرسنگ کے عالمی دن کی مناسبت سے الخدمت ہسپتال نشترآباد پشاور میں الخدمت فاونڈیشن کے ضلعی صدر ارباب عبدالحسیب کی زیرصدارت تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کمشنر ریاض خان محسود نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن ہمارے معاشرے اور ملک کا وہ خوبصورت چہرہ ہے جس پر بجاطور پر ہرمحب وطن شہری فخرکرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے عالمی دن کی مناسبت سے الخدمت نے آج جو تقریب منعقد کی ہے اس پر الخدمت ہسپتال پشاور کے ڈاکٹراقتدار احمد اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتاہوں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاونڈیشن کے صوباٸی صدر خالد وقاص نے کہا کہ نرسنگ اور تیمارداری جہاں صحت کے شعبہ میں ایک کلیدی کردار اداکررہا ہے وہاں اسے اسلام نے بھی بڑی اہمیت دی ہے نرسنگ ایک مقدس پیشہ ہے جو کہ حقیقی معنوں میں خدمت انسانیت سے عبارت ہے۔
تقریب کے آخر میں کمشنر نے نمایاں خدمات پر مختلف ہسپتالوں اور نرسنگ کالجوں میں تعینات نرسنگ سٹاف میں یادگاری شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔
تقریب میں الخدمت ہسپتال نشترآبادپشاور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اقتدار احمد روغانی، تاجر رہنماء اختشام حلیم،الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی میڈیا منیجر نورالواحد جدون سمیت پشاور کے مختلف ہسپتالوں اور نرسنگ کالجوں کے نمائندوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔