میر پورخاص :آموں کی نمائش کے انعقاد کا مقصد آموں کی پیداوار کو بین الاقوامی سطح پر برآمد کرانا ہے،کمشنر فیصل احمد عقیلی

57

ميرپورخاص،29مئی (اے پی پی): آموں کی نمائش کے انعقاد کا مقصد میرپورخاص کے زرعی خطے کے فروغ کے ساتھ ساتھ میرپورخاص کے آموں کی پیداوار کو بین الاقوامی سطح پر برآمد کروانا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار ڈویژنل کمشنر فیصل احمد عقیلی نے کمشنر کمیٹی ہال میں مینگو فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آموں کی نمائش کا مقصد یہ بھی ہے کہ مارکیٹ رسائی قائم کی جا سکے آبادگاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ اپنے آ م بیرون ممالک برآمد کر سکیں اور میرپور خاص کی معیشت کو آموں کی برآمدات کے ذریعے مضبوط بنایا جا سکے –

کمشنر نے مینگو فیسٹیول کے دیگر پروگراموں کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ آموں کی نمائش کے ساتھ ساتھ تکنیکی زرعی سیمینار سندھ زرعی سیمینار اور سندھ کا روایتی کھیل ملاکھڑا جبکہ محکمہ ثقافت کی جانب سے ثقافتی میوزیکل پروگرام آتش بازی لڑکیوں اور لڑکوں کی سائیکلنگ ریس بھی منعقد ہوں گے۔ آموں کی نمائش کا افتتاح صوبائی وزیر زراعت جبکہ اختتامی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کو مدعو کیا گیا ہے۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میر پور خاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے کہا کہ اس سال آموں کی نمائش کو منفرد انداز میں منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ آموں کے برامدات کو بڑھایا جائے مڈل مین کے کردار کو ختم کیا جائے آموں کی برامدات کا براہ راست فائدہ کاشتکار کو مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال آموں کی نمائش میں بدنظمی کو روکنے کے لیے سیکورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

 اس موقع پر چیئرمین مینگو فیسٹیول مینجمنٹ کمیٹی رئیس عارف خان بھگڑی نے کہا کہ میڈیا کو چاہیے کہ آموں کی نمائش کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ایگریکلچر نور محمد بلوچ نے کہا کہ میرپور خاص میں جلد مینگو پلینگ یونٹ قائم کیا جائے گا صوبائی زرعی رجسٹریشن ادارے میں سندھ کے پانچ آموں لنگڑا دسیری سرولی سندھڑی اور چونسہ کی رجسٹریشن کروائی گئی ہے اور ان سب اجناس کی پیداوار میں میرپورخاص  کو اعزاز حاصل ہے۔موسمی تبدیلیوں اور پانی کی کمی کی وجہ سے آموں کی پیداوار 17 سے 18 فیصد کم ہوئی ہے ۔