نارووال،27 مئی(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے نارووال میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی سہولت مہیا کرنے کے حوالے سے کمیونٹی انگیجمنٹ پروگرام کے تحت نیسلے پاکستان لمیٹڈ کی جانب سے پرانی کچہری روڈ پر پاسپورٹ آفس کے سامنے کلین اینڈ سیف ڈرنکنگ واٹر فسیلٹی کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔
واٹرفلٹریشن پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری کا کہنا تھا کہ میں نیسلے پاکستان کا اہلیان نارووال کی جانب سے اس سہولت کی فراہمی پر شکریہ ادا کرتا ہوں،24ہزار لیٹر پانی مہیا کرنے والا یہ ایک ماڈرن پلانٹ نارووال میں روزانہ 10ہزار لوگوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرے گا جو کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت ہے جسکی وجہ سے پاکستان ہیپاٹائٹس جیسی مہلک بیماریوں کا شکار ہے، وزیراعظم نے 8ارب روپے کی لاگت سے نیشنل نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے غذائیت کی کمی سے نمٹا جائے گا،پینے کے صاف پانی اور متوازن غذائیت پر فوکس کر کے ہی ہم ایک صحت مند قوم پیدا کرسکتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ نیسلے فار ہیلڈی کڈ پروگرام کو ہم ہر سکول تک لے کر جانا چاہتے ہیں تاکہ ہمارے نونہالوں کو متوازن غذا اور روزمرہ زندگی میں اسکی اہمیت کا علم حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ نارووال میں ہم متعلقہ محکموں سے پینے کے صاف پانی کے ٹیسٹ کروائیں گے تاکہ ہمیں معلوم ہوسکے کہ ہمارے لوگ جو پانی پی رہے ہیں وہ انکی صحت کیلئے کیسا ہے،اپنے لوگوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے ہمیں صاف پانی اور غذائیت پر توجہ دینی چاہیے۔
اس موقع پر نیسلے پاکستان لمیٹڈ کے کنٹری مینجر جیسن ایون سینا نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انکی کمپنی کی جانب سے کمیونٹی انگیجمنٹ پروگرام کے تحت پاکستان بھر میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے پراجیکٹس بارے بتایا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا،کنٹری مینجر جیسن ایون سینا اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر نوید حیدر کے ہمراہ وزیراعلٰی پنجاب کے ویژن کے مطابق چلائے جانے والے پروگرام کلینک آن وہیلز کا افتتاح بھی کیا۔