نارووال:ڈپٹی کمشنرسیدحسن رضاکی سربراہی میں پولی تھین بیگز پرپابندی کے عمل کویقینی بنانے سے متعلق اجلاس کاانعقاد

23

نارووال۔29مئی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنرسیدحسن رضاکی سربراہی میں پولی تھین بیگ پرپابندی کے عمل کویقینی بنانےکےحوالے سےاجلاس کاانعقاد ہوا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرملک نوید،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیوہارون خان،تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز،اسسٹنٹ ڈائریکٹرتحفظ ماحولیات عمردراز اور متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ دیگر شخصیات نے اجلاس میں شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنرنارووال نے اس موقع پرکہاکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سےزمین ایک انمول تحفہ ہے,زمین کی آلودگی بیماریوں کوجنم دے رہی ہیں اورپولی تھین بیگزکا بے دریغ استعمال زمینی آلودگی کی بڑی وجہ ہے,لہذا ہمیں اپنی زمین اور اسکے ماحول کوصاف ستھرااورپاکیزہ بنانے کے لیے پولی تھین بیگزکے استعمال کوختم کرناہوگا۔

ڈپٹی کمشنرنارووال نے سماجی تنظیموں کے نمائندگان سے اپیل کی کہ وہ پولی تھین بیگزکے خاتمے کے لیے حکومتی احکامات پرعمل درآمد کوہرصورت یقینی بنانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ کےحکم اورحکومتی فیصلے پرعمل درآمدکویقینی بنائیں,اس حوالے سے حکومت کی طرف سے5جون کی ڈیڈلائن مقررکردی گئی ہے جس کے بعد انتظامیہ کی طرف سے بھرپوراندازمیں کریک کاآغازکیاجائے گا۔

ڈی پی اونارووال نے محکمہ ماحولیات کے افسران کوہدایت کی کہ وہ اس سلسلہ میں ضلع بھرمیں آگاہی سیمیناراورریلیوں کاانعقادکریں تاکہ شہری پولی تھین بیگزکے استعمال کے نقصانات سے بچ سکیں۔ انہوں نےکہاکہ ماحول کو آلودگی سے محفوظ بنانے کیلئے پلاسٹک اور کیمیکلز سمیت آلودگی میں اضافے کا باعث بننے والی چیزوں کے استعمال کو ترک کرنے سمیت اپنی روز مرہ زندگی میں ماحول دوست رویے اپنائیں۔اجلاس میں سماجی تنظیموں کی طرف سےخرید و فروخت کے دوران پلاسٹک کی بجائے کپڑے کے بنے ہوئے بیگز کے استعمال کو عام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔