نوجوانوں کو عالمی سطح پر ہونے والی جدید ترین تکنیکی  صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے ،شزا فاطمہ

16

اسلام آباد، 06 مئی (اے پی پی): وزیر مملکت برائے  انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن  شزا فاطمہ خواجہ نے ملک کے نوجوانوں کو عالمی سطح پر ہونے والی جدید ترین تکنیکی ترقی سے آراستہ کرنے کی اہمیت پر زور  دیتے  ہوئے کہا ہے کہ  “آج کی دنیا میں سب کچھ ٹیکنالوجی کے گرد گھومتا ہے، اور ہمیں جتنی جلدی ممکن ہو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ہمارے نوجوان عالمی سطح پر ہونے والی تکنیکی سماجی یا معاشی ترقی سے بخوبی واقف ہوں۔

پیر کو  اسلام آباد میں اسٹیٹ آف یوتھ انٹرپرینیورشپ ایکو سسٹم رپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے  ڈیجیٹل دور میں نوجوانوں کے لیے دستیاب تبدیلی کے مواقع پر روشنی ڈالی، جہاں مصنوعی ذہانت جیسی ترقی صنعتوں کو نئی شکل دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  “ہم وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت ایک اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم پر زور دے رہے ہیں اور حکومت قومی ڈیجیٹلائزیشن کے سفر پر گامزن ہے، جس کا مقصد حکومتی عمل، معیشت اور معاشرے کو ڈیجیٹائز کرنا ہے۔”

انہوں نے پاکستان کی معیشت اور معاشرے پر ڈیجیٹلائزیشن کے نمایاں اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے  ہر شہری کے لیے ڈیجیٹل شناخت بنانے کے حکومت کے ہدف کا خاکہ پیش کیا اور معیشت کو باضابطہ بنانے میں فنٹیک کے کردار پر زور دیا۔شزا  خواجہ نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کا وژن نجی شعبے کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنا ہے، جس سے استعداد کار میں اضافہ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ “یہ تبدیلی حقیقی طور پر ہر ایک کے لیے زندگی کو آسان بنا دے گی،”