اسلام آباد،07 مئی (اے پی پی ): چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ہمارے نوجوانوں کو فکر اقبال کی روشنی میں اپنے ملک اور خاندان کی تعمیر اور ترقی میں کردار ادا کرنا ہو گا۔ علامہ اقبال اور قائد اعظم نے مشکل حالات کے باوجود پاکستان کے قیام کو یقینی بنایا اب ہماری نوجوان نسل کی ذمہ داری ہے کہ اس کی حفاظت ، ترقی اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
ادارہ فروغِ قومی زبان اور پیغامِ پاکستان کے اشتراک سے ایک روزہ قومی سیمینار بعنوان”تعمیرِ قوم میں نوجوانوں کا کردار: فکرِ اقبال کی روشنی میں“ سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد کا کہنا تھا کہ جو قومیں اپنی ثقافت، تہذیب، روایات اور زبان بھول جاتی ہیں وہ ترقی نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان سوشل میڈیا پرریاست کے خلاف پراپیگنڈے سے بچیں، سنجیدگی سے اپنے ملک و ملت کے روشن مستقبل کے لیے سوچیں اور عملی قدم اُٹھائیں تاکہ اپنے خاندان اور پاکستان کا مستقبل بہتر بنا سکیں اس کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو تعلیم اور صحت مند سرگرمیوں کا موقع دینے کی اشد ضرورت ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر برائے وزیر قومی ورثہ وثقافت ڈویژن محمد کاشف ارشاد نے کہا کہ اقبال کا پیغام نوجوانوں کے لیے ہے کہ آپ کا تعلق کسی بھی مکتبہ فکر سے ہو آپ سب نے مل کر ملک و قوم کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا ہے کیونکہ اگر آپ ملک و قوم کے لیے اٹھیں گے نہیں تو معاشرہ ترقی نہیں کرے گا
سیمینار میں اسلام آباد کی نمل یونیورسٹی، فاطمہ جناح یونیور سٹی راولپنڈی، الحمد اسلامک یونیورسٹی کے اساتذہ، ریسرچ سکالرز اور طلبا و طالبات اور جڑواں شہروں کے ادیبوں، شعرا اور ذرائع بلا غ سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ شعبہئ فارسی نمل یونیورسٹی کی استاد ڈاکٹر حمیرا شہباز اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے سابق ڈین ڈاکٹر شفیق احمد نے فکر اقبال میں نوجوانوں کے کردار کے حوالے سے بھر پور گفتگو کی۔ نظامت اسلام آباد کی ادبی تنظیم ”زاویہ” کے روح و رواں محبوب ظفر نے کی۔