نوشہرو فیروز،31 مئی (اے پی پی) : ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد ارسلان سلیم نےمون سون 2024 کی تیاریوں کے سلسلے میں صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے تمام ممبران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے حکام کو بتایا کہ ضلع نوشہروفیروز 2022 کی بارشوں میں شدید متاثر ہونے والے اضلاع میں شامل ہے جہاں بارشوں کے پانی کی نکاسی میں کافی عرصہ لگا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے تمام ممبران کو مون سون 2024 کی تیاریوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ ضلع میں 21 مقامات ایسے ہیں جہاں بارش کا پانی جمع ہو جاتا ہے جس کی نکاسی کے لئے محکمہ لوکل گورنمنٹ اوراسکارپ ڈویژن کے افسران اپنا پلان تیار رکھیں۔ضلع میں 10 فائر برگیڈ گاڑیاں ہیں جن کو تیار رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ رواںسال بھی گزشتہ برسو کے مقابلے میں زیادہ بارشوں کے امکانات بتائے جارہے ہیں۔ سیلاب کے دوران متاثرین کی نقل مکانی کرانے، متاثرین کے لئے ریلیف کیمپ قائم کرنے اور متاثرین کو راشن اور مچھردانیوں کی فراہمی کے متعلق ایک جامع پروگرام ترتیب دیا جائے۔
انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ نکاسی آب کی تمام اسکیموں کو فعال بنانے کے انتطامات مکمل کریں۔ انہوں نے لوکل گورنمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ شہروں سے برساتی پانی کی نکاسی کے لئے تمام پمپنگ اسٹیشنوں کو فعال اور بجلی کی عدم دستیابی کی صورت میں متبادل انتظامات کئے جائیں۔
انہوں نے محکمہ لائیو اسٹاک کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ ممکنہ شدید بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر لائیو اسٹاک کے لئے ریلیف کیمپ قائم کرنے کا پلان ترتیب دیا جائے اس کے ساتھ ساتھ جانوروں کی مختلف بیماریوں سے بچانے کے لئے ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرایا جائے۔اس موقع پر انہوں نے ایکسین محکمہ آبپاشی کو ہدایت کی کہ دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں کی مرمت کا کام مکمل کیا جائے اور وہاں مطلوبہ مشینری او ر پتھر کے اسٹاک کا انتطام کیا جائے۔