اسلام آباد،08 مئی (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کو پاکستان کی سلامتی، وقار اور ترقی کے خلاف گھناﺅنی سازش کی گئی، یہ واقعات پاکستان کو اندرونی اور بیرونی طور پر کمزور کرنے کیلئے کئے گئے، اس سازش میں ملوث لوگوں کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں اور جو لوگ اس گھناﺅنی سازش میں ملوث تھے ان کے چہرے بے نقاب کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاءاللہ تارڑ نے بدھ کو یہاں سانحہ ۹ مئی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل 9 مئی کے دلخراش واقعات کو ایک سال مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کون لوگ تھے جنہوں نے اپنے ہی ملک کو کھوکھلا کرنے کی کوشش کی؟ انہوں نے ایسا کام کیا جو کبھی دشمن بھی نہ کر سکا، ان لوگوں کو اب تک کیا سزا دی گئی ہے اور ان کے خلاف کیا ایکشن لیا گیا ہے، اس پر بھی بات ہونی چاہئے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلے کبھی بھی کسی سیاسی جماعت نے ملکی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی جبکہ یہ انتشار پسند ٹولہ سیاسی مفاد کی خاطر اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوا،اس سانحے میں ملوث لوگ ملک میں آگ لگانا چاہتے تھے، انہوں نے اُس کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے مجسمے کو آگ لگائی جسکی بہادری کی مثال دشمن دیتا ہے، اس انتشار پسند ٹولے نے سیاسی مقاصد کی خاطر شہداءکی یادگاروں کو نذر آتش کیا۔
وزیر اطلاعات نے اس دن کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان انتشاریوں کو کوئی اختلاف تھا تو سیاسی پارٹیوں کے خلاف جلوس نکالتے، اپنے سیاسی رہنما کے حق میں احتجاج کرتے، مگر ان کا مقصد احتجاج نہیں، ملک میں انتشار اور فتنہ پھیلانا تھا ۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ “بے حرمتی ان کی گوارہ نہیں …. ہونے دینا اب دوبارہ نہیں“ 9 مئی کا سلوگن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے کیسز اب تک منطقی انجام کو پہنچ جانے چاہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں،ہمارا سب کچھ اس ملک کی سالمیت سے جڑا ہوا ہے، آج ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، عالمی مالیاتی جریدے ملک کی معاشی صورتحال کے بارے میں مثبت پیشنگوئی کر رہے ہیں اور عدلیہ سے گذارش ہے کہ اس سے متعلق کیسز اب منطقی انجام کو پہنچنے چاہئیں۔
وزیر اطلاعات نے آگاہ کیا کہ 9 مئی کے حوالے سے کل کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں پیپلز پارٹی، آئی پی پی، نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ق)، متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھی شرکت کریں گے، اس خصوصی اجلاس سے وزیراعظم خطاب کریں گے اور اسکے علاوہ وزیراعظم کنونشن سینٹر میں بھی تقریب سے خطاب کریں گے۔