کوئٹہ، 27 مئی (اے پی پی):ورچوئل یونیورسٹی کا سالانہ کنووکیشن کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ورچوئیل یونیورسٹی کوئٹہ کے 13 ویں سالانہ کانووکیشن میں پاس آوٹ ہونے والے 121 طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں، یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے پاس آوٹ ہونے والے طلبہ کو ڈگریاں دی، پاس آوٹ ہونے والوں میں 8 پی ایچ ڈی اور ایم فل، 58 ماسٹرز جبکہ 55 بی ایس کے اسٹوڈنٹس شامل تھے جبکہ 110 طلبہ کو مینجمنٹ سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، آرٹس اور دیگر علوم میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر گولڈ میڈلز اور میرٹ سرٹیفکیٹس سے بھی نوازا گیا۔2011 میں قیام سے اب تک ورچوئیل یونیورسٹی سے 1600 سے زائد طلبہ مختلف اکیڈمک ڈسپلنز میں تعلیم مکمل کرچکے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن مکمل کرنے والے طلبہ بلوچستان کا مستقبل ہیں، ضروری ہے کہ ایک ڈیجیٹل ڈیٹا بینک بنایا جائے جہاں پاس آوٹ ہونے والے طلبہ کو ضرورت کے مطابق روزگار کیلئے بھیجا بھی جاسکے اور یہ نوجوان صوبے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔