فیصل آباد ، 31 مئی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی انجینئر محمد عامر نے کہا ہے کہ وزارت توانائی نے فیسکو ریجن کے آٹھوں اضلاع کے تمام 1306 فیڈرز کو اے کیٹیگری میں شامل اور انہیں لوڈمینجمنٹ فری قرار دیا ہے ۔
انہوں نے”اے پی پی” کو بتایا کہ وزارت توانائی نے فیسکو کے لائن لاسز کم ہونے کے باعث فیسکو کے فیڈرزکو اے کیٹیگری میں رکھا ہے جو فیسکو کیلئے اعزاز ہے، اے کیٹیگری میں شامل کسی فیڈرپر لوڈمینجمنٹ نہیں کی جاتی۔انہوں نے بتایا کہ فیسکو ریجن میں بجلی کی طلب تقریباً2293میگاواٹ ہے جبکہ فیسکو کو 2300میگاواٹ کی سپلائی مل رہی ہے جس کی وجہ سے ریجن کے چھ آپریشن سرکلز فیصل آبادفرسٹ، سیکنڈ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کہیں بھی لوڈمینجمنٹ نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز 5 فیڈرز پر تکنیکی وجوہات کی بناپر بجلی کی سپلائی ایک سے تین گھنٹے تک متاثر ہوئی اور فالٹ کلیئرنس کے بعد ان فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی جن میں گارڈن کالونی، پی ایس ڈی، نیو چھدرو، فیڈمک، کارس پینٹ اور پائی خیل فیڈرز شامل تھے۔انہوں نے بتایا کہ صارفین کی انفرادی شکایات کا بھی فوری ازالہ کیا جا رہا ہے جس کیلئے فیسکو ٹیمیں ہمہ وقت فیلڈ میں متحرک ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سخت گرمی کے موسم میں فیسکو انتظامیہ صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔