وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا کی ملاقات

4

 

اسلام آباد، 8مئی (اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جنوبی ایشیا کے لئے ورلڈ بینک کے علاقائی نائب صدر مارٹن رائسر نے وفد کے ہمراہ بدھ کو یہاں     ملاقات کی ۔جس میں کنٹری نمائندے ناجی بینہسین بھی موجود تھے۔ملاقات کے نتیجے میں پاکستان اور عالمی بینک اصلاحات اور ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے ایک نئے مضبوط اور پرجوش کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر کام کرنے پر متفق ہو گئے۔

بریفنگ میں وزیر اعظم نے وفد کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں بتایا جس میں ٹیکس کے پورے نظام کی ڈیجیٹائزیشن، پاور سیکٹر میں اصلاحات، زرعی شعبے میں فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ، بچوں کی نشوونما کے مسئلے کو حل کرنا شامل ہیں۔

پاکستان کے جارحانہ اصلاحاتی ایجنڈے کو سراہتے ہوئےمارٹن رائسر نے کہا کہ عالمی بینک پائیدار ترقی کے مقصد سے معیشت کی تبدیلی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔

دونوں فریقوں نے ایک نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت ایک طویل مدتی  شراکت داری میں شامل ہونے پر اتفاق کیا جس میں سالانہ جائزہ میکانزم کے ساتھ پیشرفت کا جائزہ لیا جائے  گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے  گا کہ نتائج حاصل ہوں۔

حکمت عملی میں مستقبل کی ضروریات کی شمولیت کیلئے لچک شامل ہوگی،نئی شراکت داری ایک دہائی کے دوران پاکستان کے لئے اہم ترقیاتی ترجیحات کے مخصوص تناظر میں تبدیلی کے اثرات حاصل کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔

عالمی بینک کے کنٹری نمائندے مسٹر ناجی بینہسین  اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز نے اس سلسلہ میں اعلامیہ پر دستخط کئے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی موجود تھے۔

اجلاس میں وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شیزہ فاطمہ خواجہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان اور حکومت پاکستان کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔