اسلام آباد،30 مئی (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور مختلف صنعتی و کاروباری ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے وفد کو ان کے تمام جائز مطالبات اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوہے وفاقی وزراء کو تمام صنعتی شعبوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے لئے ٹاسک دے دیا۔
وزیراعظم نے ویئر ہاؤس اور لاجسٹکس کو انڈسٹری کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے اس حوالے سے تمام ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔
وفد نے دیرینہ مطالبات کی منظوری پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ کاروباری برادری معیشت کی بہتری اور ٹیکس نیٹ میں اضافے کے حوالے سے حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین ، وزیر مملکت علی پرویز ملک ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل ، چیئر مین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔