اسلام آباد،10مئی (اے پی پی): وزراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کا مشن معیشت کی بہتری کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے ، حکومت کے دانشمندانہ اقدامات کے باعث تمام معاشی اشاریے مثبت راہ پر گامزن ہیں۔
آج کامن ویلتھ کے وفد کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے کہا کہ وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی اور ان کے اقدامات کے باعث پاکستان 13 سال بعد اذلان شاہ ہاکی کپ کا فائنل کھیلنے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 50سال میں پہلی بار کامن ویلتھ یوتھ سیکرٹریٹ میں پاکستان کو چیئرمین شپ ملی ہے اور کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس بھی تشکیل دیدیا ہے جس کا سیکرٹریٹ پاکستان میں بنے گا۔
رانا مشہود کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ یوتھ سیکرٹریٹ سے ملکی نوجوانوں کو 56ممالک تک رسائی حاصل ہوگی اور اس فورم کے ذریعے پاکستان کے نوجوانوں کو صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم کا مشن اقتصادی بحالی کیساتھ ساتھ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے ، نیشنل یوتھ کونسل کو فعال کیا جائے گا اور ملک کے بہترین نوجوانوں کو نیشنل یوتھ کونسل میں شامل کیا جائے گا ۔
رانا مشہود نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث آج معیشت کا ہر شعبہ بہتری کی جانب گامزن ہے، چین بھی بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے لئے آ رہا ہے، پاکستان مخالف قوتیں شکست کھا چکی ہے ،پاکستان کی ترقی کو آگے بڑھنے سے اب کوئی نہیں روک سکتا۔