اسلام آباد، 25 مئی(اے پی پی): وزیراعظم شہباز شریف نے اسمگلنگ میں کمی لانے کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار اسمگلنگ میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے،ہمیں آپ لوگوں پر فخر کہ آپ کٹھن حالات اور چیلنجوں کے باوجود اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں-
ان خیالات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے انسداد اسمگلنگ کے حوالے سے سول آرمڈ فورسز کی کارکردگی سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اسمگلنگ کے خلاف جنگ میں کئی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، آپ کی کوششوں سے ملکی خزانے کو اربوں روپےکا فائدہ ہو رہا ہے، اسمگلنگ کے خلاف جنگ میں سول آرمڈ فورسز کو حکومت کی بھرپور حمایت حاصل رہے گی-
وزیراعظم شہباز شریف نے سول آرمڈ فورسز کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی اور جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ہدایت کی-
اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی جبکہ اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، آئی جیز ایف سی خیبر پختونخوا اور بلوچستان،ڈی جیز رینجرز پنجاب اور سندھ، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز اور دیگر اعلی سرکاری افسران بھی شریک تھے۔