وزیراعظم کا ایم کیو ایم کی طرف سے بجٹ تجاویز کا خیرمقدم ، ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے ،شہباز شریف

15

اسلام آباد،30مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایم کیو ایم کی طرف سے بجٹ تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی کی زیرقیادت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات  کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حکومت کی انتہائی اہم اتحادی جماعت ہے ، ملک کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہر اور ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس شہر کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

 وزیراعظم نے کہا کہ ملاقات میں وفاقی بجٹ برائے مالی سال 25۔2024  پر بھی مشاورت ہوئی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وفاقی بجٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ وزیراعظم نے متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے بجٹ تجاویز کا خیر مقدم کیا۔

وفد میں اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر محمد فاروق ستار ، مصطفیٰ کمال ، امین الحق ، جاوید حنیف اور عبد الحفیظ شامل تھے۔ اس موقع پر  نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور مشیرِ وزیراعظم برائے سیاسی امور و بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔