وزیراعظم  کا پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان  تجارتی حجم اور دائرہ کار کو بڑھانے اور اس کے تنوع کے امکانات تلاش کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ

17

ابوظہبی ،23مئی  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نےپاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم اور دائرہ کار کو بڑھانے اور اس کے تنوع کے امکانات تلاش کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیاہے اور متحدہ عرب امارات کے کاروباری رہنمائوں کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان میں خصوصاً توانائی، انفراسٹرکچر، سیاحت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سےفائدہ اٹھائیں۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت چیمبر آف کامرس کے چیئرمین  عبداللہ محمد المزروعی نے کی۔وفد سے بات چیت کے دوران وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی میں چیمبر کے کردار کو سراہا۔

پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے تجارت کے حجم اور دائرہ کار کو بڑھانے اور اس کے تنوع کے امکانات تلاش کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے کاروباری رہنماؤں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں خصوصاً توانائی، انفراسٹرکچر، سیاحت اور آئی ٹی کے شعبوں  میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے اراکین نے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔