اسلام آباد،03 مئی(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرِ اعظم نے اجلاس کو اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات پر مجھ سمیت پوری قوم ان کی شکر گزار ہے۔ دورہءِ سعودی عرب کی بہترین تیاری کیلئے تمام متعلقہ وزراء اور افسران کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی،جو خوش آئند ہے۔ اجلاس کو سعودی عرب کی جانب سے کاروباری شخصیات کے اعلیٰ سطحی وفد کے آئندہ چند روز میں دورہء پاکستان کے بارے میں آگاہ کیا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں۔