اسلام آباد،23 مئی(اے پی پی): وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی کوآرڈینیشن رومینہ خورشید عالم اور این ڈی ایم اے حکام نے کہا ہےکہ پاکستان میں ہیٹ ویو کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے، جس میں3 سے 4 ڈگری درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نےہیٹ ویو کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے مختلف ذرائع سے عوام کو آگاہی دی جا رہی ہے،موسم میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے،پاکستان موسمیاتی تغیر کا شدید شکار ہے۔
این ڈی ایم اے حکام نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں توقع سے کم بارشیں ہوئیں۔ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثر پہلے پانچ ممالک میں شامل ہے۔ مئی اور جون میں ہیٹ ویو کے تین سلسلے ہوں گے۔ پنجاب سندھ اور بلوچستان تینوں ہیٹ ویو سے متاثر ہو رہے ہیں۔ بچے اور بیمار افراد خاص طور پر احتیاط کریں اور گرمی میں باہر نہ نکلیں۔
وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی کوآرڈینیشن رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ جنگلات میں سفر کرنے والے سگریٹ نوشی سے گریز کریں،حادثات سے بچنے کے لیے احتیاتی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔ این ڈی ایم اے کا پیشگی وارننگ سسٹم بہت بہتر ہے جس کے ذریعے تمام صوبوں کو ایڈوائزری جاری کی گئی ہے،لوگوں کو اس حوالے سے آگاہی کی ضرورت ہے۔