اسلام آباد،06مئی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق نوجوان انٹرپرینیور ز کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ وزیراعظم نوجوانوں کو ملک کے روشن مستقبل کا ضامن سمجھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیر کو پاکستان میں یوتھ انٹرپرینیور شپ ایکو سسٹم کی صورتحال سے متعلق رپورٹ کے اجرا کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں میں 83.6 ارب روپے کے کاروباری قرضے تقسیم کئے گئے ہیں۔ ان میں خواتین انٹرپرینیورز کو بھی قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔ سکیم کے تحت نوجوانوں کو بلاسود قرضے فراہم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ انکیوبیشن سنٹر کے ذریعے انوویشن کو فروغ دیا جا رہا ہے۔نوجوان انٹرپرینیور ز کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
رپورٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ رپورٹ بہترین کوشش ہے، جس سے حکومت کو نوجوانوں سے متعلق کاروباری پالیسی سازی اور فیصلوں پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ پاکستان میں یوتھ انٹرپرینیور شپ ایکسو سسٹم کو سمجھنے اور اس حوالے سے مزید اقدامات کرنے میں مدد ملےگی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے آسان شرائط پر کاروباری قرضو ں کی فراہمی سمیت متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو ان کے جدت پر مبنی منصوبوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔