وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت چینی سرمایہ کاری کے منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

37

اسلام آباد،14 مئی (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت چین پاکستان اقتصادی راہداری اور چینی سرمایہ کاری کے تحت دیگر منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منگل کومنعقد ہوا۔اجلاس کو سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد پر پیش رفت کے حوالے سے  تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے ملکی درآمدات بالخصوص حکومت کی جانب سے درآمدشدہ اشیاء کا ایک خاص تناسب گوادر بندرگاہ سے درآمد کرنے کی ہدایت کی اور سی پیک فیز ٹو پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے تمام وزارتوں کو آپسی روابط مربوط کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو پر کام میں وزارتوں اور سرکاری اداروں کی جانب سے کسی بھی قسم کا تعطل قبول نہیں،چینی باشندوں کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، چین کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعلقات کا مزید فروغ خوش آئند ہے۔ چین پاکستان اقتصادی شراکت داری تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے،متعلقہ افسران و ادارے یقینی بنائیں کہ دونوں ممالک کیلئے اس سے مثبت نتائج حاصل ہوں۔