وزیر اطلاعات عطاء تارڑ سے پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر مٹسو ہیرو واڈا کی ملاقات

18

اسلام آباد، 17مئی ( اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ سے پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر مٹسو ہیرو واڈا کی ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ سفارتی تعلقات، میڈیا کے شعبوں میں تعاون، فیک نیوز، حکومت کے معاشی اقدامات اور دو طرفہ تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینےسمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستی اور تعاون کا دیرینہ رشتہ قائم ہے، اہم ترقیاتی شراکت دار ہونے کے علاوہ مشکل وقت میں جاپان کا تعاون پاکستان کے عوام کے لئے ہمیشہ قابل قدر رہا، مزید برآں جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی پاکستان کی ترقی میں معاونت بھی کر رہی ہے۔

عطاء تارڑ نے جاپان کے سفیر کو حکومت کے حالیہ معاشی اقدامات بشمول ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے ایف بی آر میں اصلاحات، نجی شعبہ کو کاروبار میں سہولیات فراہم کرنے سمیت کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے لیے گئے اقدامات سےآگاہ کیا۔

ملاقات میں فیک نیوز کے تدارک اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعلقات کے فروغ کے حوالے سے امور سے متعلق عطاء تارڑ نے کہا کہ پوری دنیا کو فیک نیوز کا بڑا چیلنج درپیش ہے،اس چیلنجز پر قابو پانے کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتے ہیں اور حکومت پاکستان کے کاروباری طبقے کی سہولت کیلئے لیے گئے اقدامات پاکستان کو جاپانی سرمایہ کاروں کے لئے زیادہ پرکشش منزل بنائیں گے۔