اسلام آباد،20 مئی(اے پی پی): وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت ٹیلنٹ ہنٹ میں منتخب طلباء کے لیے جوڈو کراٹے مقابلوں کا انعقاد پیر کو یہاں سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوا، دو روزہ ٹیلنٹ لیگ میں پانچ ٹیموں کے 50 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جوڈو لیگ میں شرکت کرنیوالی پانچ ٹیموں میں اسلام آباد، آزاد کشمیر، اسکردو اور گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
جیت کے لئے پر عزم کھلاڑیوں نے کہا کہ سیلف ڈیفنس کے لیے جوڈو سے بہترین کوئی کھیل نہیں، اس کھیل میں لڑکیوں کو بھی آگے آنا چاہیے۔کھلاڑیوں نے کہا کہ دلچسپ کھیل میں بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔
کامسیٹس یونیورسٹی کے سپورٹس مینیجر محمد مشتاق نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ کے تحت دس دس کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو منتخب کر کے لائیں ہیں، صوبائی لیگ میں جیتنے والے کھلاڑی 4 جون کو لاہور میں نیشنل لیگ کا حصہ بنیں گے۔
نیشنل لیگ میں جیتنے والے کھلاڑی جوڈو فیڈریشن کا حصہ بنیں گے جہاں ان کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا موقع بھی میسر ہو سکے گے۔