اسلام آباد،31مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ کی دعوت پر 4 سے 8 جون تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعہ کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں دورے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بیجنگ میں صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم لی کیانگ سے وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے اوروہ نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤلیجی اور اہم سرکاری محکموں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم بیجنگ کے علاوہ ژیان اور شینزن شہروں کا بھی دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کے دورے کا ایک اہم پہلو تیل و گیس، توانائی، آئی سی ٹی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی سرکردہ چینی کمپنیوں کے کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں ہوں گی۔ وزیر اعظم شینزن میں دونوں ممالک کے سرکردہ تاجروں، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ چائنا پاکستان بزنس فورم سے خطاب کریں گے۔ وہ چین میں اقتصادی اور زرعی زونز کا بھی دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کا دورہ چین، پاکستان اور چین کی دوستی کا ثبوت ہے جس کی خصوصیت اعلیٰ سطحی تبادلوں اور بات چیت سے ہوتی ہے۔ دورہ کے دوران فریقین ہمہ موسمی سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پر بات چیت کریں گے۔ فریقین چین پاکستان اقتصادی راہداری کو اپ گریڈ کرنے، تجارت اور سرمایہ کاری کو آگے بڑھانے، سلامتی اور دفاع ، توانائی، سپیس، سائنس اور ٹیکنالوجی اور تعلیم میں تعاون کو بڑھانے سمیت ثقافتی تعاون اور عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دے کر پاک چین دوستی کی مستقبل کی سمت طے کرکے مزید مضبوط بنانے کے لئے بات چیت کریں گے۔