وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

23

 

کوئٹہ، 27 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس پیر کو یہاں وزیر اعلیٰ  سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔   اجلاس میں محکمہ داخلہ کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بحالی امن کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی جبکہ دہشت گردی کے مختلف واقعات میں شہید ہونے والے افراد کو معاوضے کی ادائیگی کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے قلع قمع اور بحالی امن کیلئے تمام سیکورٹی ادارے باہمی رابطہ کاری سے موثر کارروائیوں کا تسلسل جاری رکھیں ، لیویز اور پولیس بلا تخصیص ایریا مشترکہ طور پر عوام کے جانی و مالی تحفظ کے لئے باہمی تعاون سے اقدامات اٹھائیں ۔ انہوں  نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے معاونت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا ۔

  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام انتظامی افسران سروس ڈیلیوری اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں ، جلد ہی تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی پولیس افسران کی کانفرنس طلب کریں گے جس میں افسران کو قانون پر عملدرآمد اور عوامی بہبود کا واضح روڑ میپ دیں گے ، اس کے علاوہ انتظامی افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ’’کی پرفارمنس انڈیکیٹرز‘‘ پر عمل کریں گے۔

  میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ معاشرے کے تمام افراد کے لئے یکساں قانون و سلوک ضروری ہے، ضلعی افسران غیر جانبداری سے قانون کے نفاذ کو یقینی بنائیں ، افسران خود کو جانبدارانہ سیاسی معاملات سے دور رکھیں اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیالانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، جی پولیس عبدالخالق شیخ، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون  اور اسپیشل سیکرٹری اسفندیار بلوچ سمیت اعلیٰ  حکام نے شرکت کی ۔