لاہور،28مئی (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے مختلف اضلاع کے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ارکان اسمبلی نے روٹی اور دیگر اشیا خوردونوش کے نر خ میں کمی پر وزیراعلی کو خراج تحسین پیش کیا۔
ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ گندم خریداری میں گھپلے ہوتے تھے،اب کسان کوڈائریکٹ سبسڈی دیں گے۔ انہوں نے ارکا ن اسمبلی کو عام آدمی سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی اور کہاکہ اشیا خوردونوش کے نرخ مزید نیچے آئیں گے, پرائس کنٹرول اور دیگر امور کیلئے الگ سسٹم بنا رہے ہیں,مسلم لیگ (ن) کی حکومت آتی ہے تو نرخ نیچے گرتے ہیں،کچھ لوگ کہتے تھے ہم آلو پیاز کیلئے حکومت میں نہیں آئے،پنجاب کے کاشتکاروں کیلئے بہت بڑا کسان کارڈ پراجیکٹ لارہے ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ وفاقی حکومت کو زرعی مشینری اورٹریکٹر وغیرہ پر امپورٹ ڈیوٹی کم کرنے کی تجویز پیش کی ہے،دو سے چار مرلے کے پلاٹ پر گھر بنانے کیلئے قرضے کی تجویز زیر غور ہے،بے گھر لوگوں کو گھر بنا کر دیں گے،دیہات میں پلاٹ دینے کا جائزہ لے رہے ہیں،شہروں میں ہائبرڈبسیں لارہے ہیں اور نوجوانوں کو موٹر سائیکل دیں گے،نوازشریف آئی ٹی سٹی کیلئے چین سمیت دیگر ممالک رابطے کررہے ہیں۔
ارکان اسمبلی نے عوامی مسائل،تجاویز اورسفارشات پیش کیں۔ارکان ا سمبلی نے کہاکہ پونے تین ماہ میں روٹی اور دیگر اشیا کے نرخ میں کمی ریکارڈ کے مترادف ہے۔ ارکان اسمبلی نے کہاکہ مریم نواز غریب آدمی کیلئے بہت کچھ کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کا پارلیمنٹرین سے مسلسل رابطہ خوش آئند اوراچھی روایت ہے۔مریم نواز اختراعی آئیڈیاز لے کر عوام کی فلاح وبہبود کے بہترین کام کررہی ہیں۔