اسلام آباد،12مئی (اے پی پی): وفاقی دارالحکومت میں نیشنل چیلنج کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے میچز جاری ہیں ۔اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر احمد ریحان شیخ نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں نیشنل چیلنج کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد سے فٹ بال کے کھیل کو فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو وسائل اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسرز کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا اور پرائیویٹ سیکٹرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ وہ کھیل بھی ترقی کر سکیں۔
احمد ریحان شیخ نے کہا کہ ملک میں تعلیمی اداروں کھیلوں کی ترقی میں بھر نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں اور تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس کروانے کی ضرورت ہے۔