اسلام آباد،31 مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور سپارکو کے چیئرمین محمد یوسف خان کے ہمراہ ملٹی مشن کمیونیکیشن سیٹلائٹ “پاک سیٹ ایم ایم ون” کے لانچنگ کی تقریب میں شرکت کی ۔
ملٹی مشن کمیونیکیشن سیٹلائٹ “پاک سیٹ ایم ایم ون” پاکستانی اور چینی انجینئرز نے مشترکہ طور پر ڈیزائن اور تیار کیا ہے جو جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی کی بنیاد پر پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مواصلاتی خدمات کو فعال کرے گا۔یہ جدید ترین سیٹلائٹ ایک آزاد قومی مواصلاتی پلیٹ فارم فراہم کرے گا، جو ملک کے ڈیجیٹلائزڈ ماحولیاتی نظام کو تیز کرے گا اور ہمیں “ڈیجیٹل پاکستان” کے قریب لائے گا۔