وفاقی وزیر اطلاعات عطاءتارڑ سے چینی سفیر جیانگ ژائی ڈانگ کی ملاقات

37

اسلام آباد، 09 مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ سے پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈانگ نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی، جس دوران دونوں رہنماﺅں کے درمیان پاک چین تعلقات، سی پیک، پاکستانی معیشت کی بحالی کیلئے حکومتی اقدامات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ دنیا بھر کی نظریں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ چین پر جمی ہوئی ہیں جس میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کے علاوہ نئے منصوبوں اور سی پیک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی گفتگو ہوگی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اطلاعات، ثقافت کے شعبوں اور تعلیمی تبادلوں کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا اور دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم کے آئندہ دورہ چین کے دوران چین کی نیوز ایجنسی ”شنہوا“ اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے درمیان خبروں کے تبادلے کے معاہدے پر بھی دستخط ہوں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے چینی سفیر کو حکومت کے معاشی اقدامات اور حالیہ سعودی عرب و ایران کے اعلیٰ سطحی وفود کے دوروں سے متعلق بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی جریدے بھی پاکستانی معیشت میں بہتری کی پیشنگوئی کر رہے ہیں۔

چینی سفیر نے حکومت کے معاشی اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا۔