وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی کویت کے وزیر بجلی، پانی و توانائی ڈاکٹر محمود اے ایم بشہری سے ملاقات

21

 

کویت، 30مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نےجمعرات کو کویت کے وزیر بجلی، پانی و توانائی ڈاکٹر محمود اے ایم بشہری سے ملاقات کی جس میں ایس آئی ایف سی کے تحت جوائنٹ ورکنگ گروپس  اوردونوں ممالک کے مابین جدید ٹیکنالوجی اورتجارتی سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی بات ہوئی ۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کویت سے دو طرفہ تجارتی معاملات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ کویت کوپاکستان میں سرمایہ کاری اور نئے بزنس کیلئے وسیع مواقع فراہم کریں گے۔

وفاقی وزیر سرمایہ کاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کویت کیلئے ایکسپورٹ زون اور خصوصی مراعات کیلئے تیار ہے اور پاکستان میں ڈیری فارمنگ، میٹ پراڈکٹس،رائس اور اشیائے خوردونوش کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ۔

 کویت کے وزیر ڈاکٹر محمود اے ایم بشہری نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ کویت پاکستان سے تجارت میں اضافے کا خواہاں ہے۔

وفاقی وزیرعبدالعلیم خان اور کویتی وزیر ڈاکٹر محمود اے ایم بشہری نے باہم خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا ۔

 وفاقی وزیر سرمایہ کاری عبدالعلیم خان کا یہ دورہ کویت پانچویں جوائنٹ منسٹریل کمیشن کا حصہ ہے  ۔ وفد میں ٹریڈ اینڈ کامرس،اکنامک افئیرز، بورڈ آف انویسٹمنٹ اور دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران وفاقی وزیر کے ہمراہ ہیں۔