پاکستانی نوجوان  چیلنجز کے باوجود دنیا بھر میں نام کما رہے ہیں،  حکومت  نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے؛ رانا مشہود احمد

19

اسلام آباد،30مئی (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ  پروگرام  رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کی  ترقی کا راز نوجوانوں کو اعتماد، پلیٹ فارم اور وسائل دینے میں مضمر ہے،  پاکستانی نوجوان ملک میں بے شمار چیلنجز کے باوجود دنیا بھر میں نام کما رہے ہیں اور پوری  دنیا پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو تسلیم کر رہی ہے کیونکہ جب بھی مواقع فراہم کئے جاتے ہیں وہ خود کو ثابت کرتے ہیں، حکومت ملک کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

مائیکروسافٹ اور ایچ ای سی مستقبل کے ٹیک لیڈروں کے لئے کلیدی اقدامات  کے حوالے سے  منعقد کیے گئے برجنگ دی اکیڈمیا-انڈسٹری گیپ ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  ایچ ای سی مائیکرو سافٹ پارٹنرشپ کے تحت پراجیکٹس میں پاکستانی طلباء کی کامیابی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔

رانا مشہود احمد  نے ملک میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی کلچر کو فروغ دینے کے علاوہ پروگرام کے تحت متعدد منصوبوں پر عملدرآمد کرنے پر ایچ ای سی کی تعریف کی اور  پاکستانی نوجوانوں کو جدید ترین ٹیکنالوجیز سے آراستہ کرنے کے لئے مائیکروسافٹ کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ کوئی بھی ملک تکنیکی میدان میں ترقی کئے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، اس سے فائدہ اٹھانے کے لئے تکنیکی ترقی کے مثبت پہلو کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کی کوششیں نوجوانوں کی ترقی پر مرکوز ہیں، جو قوم کا مستقبل ہیں ۔

ایچ ای سی-مائیکروسافٹ پارٹنرشپ کے تحت حاصل کی گئی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں شراکت داروں کی مل کر کام کرنے اور سنگ میل بنانے کی ایک طویل تاریخ ہے۔ حکومت ایچ ای سی کی ہمیشہ معاونت  کرتی رہی ہے کیونکہ اس نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بہت نتیجہ خیز سرمایہ کاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی نے پاکستان ایجوکیشن اینڈ ریسرچ نیٹ ورک کے ذریعے تمام یونیورسٹیوں کو جوڑ دیا ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے مزید کہا کہ محققین کو اپنی تحقیق کو آگے بڑھانے کے لئے ایچ ای سی ڈیجیٹل لائبریری کے ذریعے عالمی معیار کے جرائد تک آسانی سے رسائی حاصل ہے۔

تقریب میں مختلف یو نیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی مو جو دگی میں مائیکروسافٹ کوپائلٹ، مائیکروسافٹ لرن فار ایجوکیٹرز اور مائیکروسافٹ فار اسٹارٹ اپس – فاؤنڈرز ہب کے اجراء کا مشاہدہ کیا گیا۔

اس موقع پر مائیکروسافٹ کے ڈائریکٹر ایجوکیشن انڈسٹری، وسطی یورپ مشرق وسطیٰ اور افریقہ جے رچرڈز ہل نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ٹیکنالوجی اکیڈمی اور صنعت کے درمیان ایک طاقتور پل ثابت ہو سکتی ہے۔ طلباء کو جدید ترین ٹولز اور ٹیکنالوجیز سے آراستہ کرکے،صنعتی رہنماؤں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے کرہم بے روزگاری کے خاتمے کیساتھ ترقی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں ۔