پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن کے ریسرچ ایڈوائزری گروپ کا پہلا اجلاس،  اسٹیک ہولڈرز  کا  ملک کے تعلیمی شعبے کے لیے تحقیقی ایجنڈے پر غور

33

اسلام آباد،15مئی(اے پی پی):پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن (پی آئی ای)میں قائم کردہ ریسرچ ایڈوائزری گروپ (آر اے جی) کے پہلے اجلاس میں ملک بھر سے  ممتاز ماہرین تعلیم، محققین، اور اسٹیک ہولڈرز   نے  تعلیم کے شعبے میں درپیش چیلنجز سےنمٹنے ، تعلیم کے فروغ اور سکولوں سے باہر بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے  تعلیمی شعبے کے تحقیقی ایجنڈے پر غور  کیا ۔

بدھ کو ریسرچ ایڈوائزری گروپ کا اجلاس، پاکستان انسٹیویٹ آف ایجوکیشن کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا ۔  وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری سہیل اختر  نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اجلاس میں شرکت کی ۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ    آف ایجوکیشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد شاہد سرویہ ا، ڈاکٹر نظام الدین، ڈاکٹر فرید پنجوانی، چیئرمین پنجاب ایچ ای سی  شاہد منیر  ، لمز یونیورسٹی  سے  ڈاکٹر فیصل باری، اور ڈی اے آر ای ۔ آر سی کی ریسرچ  ایڈوائزر ڈ ڈاکٹر جمیلہ رزاق سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز کی کثیر تعداد اجلاس میں شریک تھی ۔

 وفاقی وزارت تعلیم و  پیشہ ورانہ تربیت کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری سہیل اختر نے کہا کہ اس مشاورتی سیشن میں تحقیقی موضوعات ،پی آئی ای کے فلیگ شپ رپورٹس   بشمول تعلیمی شماریاتی رپورٹ (پی ای ایس)، نیشنل اسسمنٹ ٹیسٹ (این اے ٹی )  توجہ مرکوز کی گئی۔ بات چیت کا مقصد ترجیحی تحقیقی شعبوں کی نشاندہی کرنا تھا جو پاکستان کے تعلیمی منظرنامے کی اہم ضروریات کے مطابق ہوں۔

ڈی جی پی آئی ای ڈاکٹر محمد شاہد سرویہ نے ادارے کا  تعارف پیش کرتے ہوئے  بتایا کہ  پی آئی ای  ایک پریمیئر “تھنک ٹینک” کے طور پر  کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا  ریسرچ ایڈوائزری گروپ کا قیام پاکستان میں تعلیمی تحقیق کے معیار اور اثرات کو مضبوط بنانے کے لئے پی آئی ای  کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔

ڈاکٹر محمد شاہد سرویہ نے کہا کہ  نیا  تشکیل شدہ ریسرچ ایڈوائزری گروپ کی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے،  پی آئی ای  موثر تعلیمی پالیسیوں سے آگاہ کرنے اور ملک کے تعلیمی منظر نامے میں مثبت تبدیلی کو فروغ دینے میں اہم پیش رفت کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ آر اے جی ایک اہم مشاورتی ادارہ کے طور پر کام کرتا ہے جس کا تصور پاکستان کے تعلیمی منظر نامے میں تعلیمی تحقیق اور اس کے اطلاق پر ماہرانہ رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ آر اے جی  کا قیام پی آئی ای  کے سٹریٹجک وژن سے مطابقت رکھتا ہے تاکہ  ماہر  پیشہ ور افراد کی  قیمتی بصیرت کا فائدہ اٹھایا جا سکے اور پاکستان کے تعلیمی شعبے میں سب سے زیادہ اہم چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اس کی تحقیقی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔