اسلام آباد،09 مئی (اے پی پی ): وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر محمد بن عبدالعزیز الخلیفی سے ملاقات میں کیا، جنہوں نے جمعرات کو یہاں وزیراعظم سے ملاقات کی ۔قطری وزیر مملکت برائے خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے بہترین تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اور مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنا چاہیے۔ وزیراعظم نے قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی (کیو آئی اے) کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ قطر پاکستان میں ترجیحی شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو بڑھائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس حوالے سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل، (SIFC) ہم آہنگی کو یقینی بنائے گی اور تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔
وزیر اعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی ، وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
قطری وزیر مملکت نے اپنے استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں قطر کی قیادت کا خصوصی پیغام پہنچایا جبکہ قطر اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
قطری وزیر مملکت برائے خارجہ امور قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی ایلچی کے طور پر پاکستان کے ایک روزہ دورے پر ہیں۔