جدہ،19 مئی (اے پی پی ):پاکستان لیڈیز گروپ کی صدر ڈاکٹر رخشندہ پوری اور گروپ کے ممبران کی جانب سے اتوار کو یہاں ایک رنگ رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ لیڈیز گروپ پاکستانی خواتین کو ترغیب دیتا ہے کہ وہ یہاں موجود نادار خاندانوں کی مالی مدد کریں نیز اسکولوں میں جو بچے فیس ادا نہیں کرسکتے یہ اس تنظیم کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ایسے بچوں کی فیسیں ادا کرے ۔
تقریب کے مہمان خصوصی پاکستانی قونصل جنرل کی بیگم فریدہ خالد،اوآئی سی میں پاکستان کے سفیر کی بیگم ہما شیراور قونصلیٹ کے دیگر افسران کی بیگمات بھی موجود تھیں ۔ تقریب میں پاک کیمونٹی اور سعودی خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر خواتین اور انکے بچوں نے مختلف کھیلوں، فیشن شو، قومی گیت گا کر تقریب کو خوبصورت بنایا۔ پاکستان کے حوالے سے سوال جواب میں کامیاب خواتین کو انعامات دئیے گئے، تقریب میں غازی زبیری نے پاکستانی گانے گا کر خواتین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر رخشندہ پوری نے بتایا کہ یہ تقریب جدہ لیڈیز گروپ کی ٹیم کو پاکستانی کمیونٹی کی خواتین سے متعارف کرانا تھا۔انہوں نے کہا کے پاکستان لیڈیز گروپ ضرورت مندوں کی مدد کرتا ہے چاہے وہ پیسوں سے ہو یا اسکول کے بچوں کی فیسیں ادا کرکے یا کسی ضرورت مند بچی کی شادی ،یہ سب ہمارا انسانیت کے ناطے فرض ہےاور ہماری کوشش رہے گی کے زیادہ سے زیادہ اپنی پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کر سکیں۔
آخر میں ڈاکٹر رخشندہ پوری نے تمام آنے والی خواتین کی شرکت کا شکریہ ادا کیا اور موقع پر تحائف دینے والی خواتین کا شکریہ ادا کیا۔