اسلام آباد، 28 مئی(اے پی پی): کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں کشمیر و پاکستان نے آج بروز منگل یومِ تکبیرکے سلسلے میں اسلام آباد میں ایک تقریب کا اہتمام کیاجس کی صدارت کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔
محمود احمد ساغر اور دیگر مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت کی حامل ریاست ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 26 برس قبل مملکت خداداد نے بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ دھماکے کر کے بھارت کا غرور اور تکبر خاک میں ملا دیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ سمیت عالمی برادری کے دباؤ کے باوجود جوہری دھماکے کر کے نہ صرف خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا بلکہ بھارتی قیادت کو بھی اپنی حدمیں رہنے پر مجبور کیا جو ایٹمی دھماکوں کے بعد آزاد جموں وکشمیر پر قبضے کی دھمکیوں پر اتر آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے اپنا دفاع ناقابل تسخیر بناد یا ۔ مقررین نے کہا کہ یہ دن ہمیں سابق وزرائے اعظم ذولفقارعلی بھٹو، محمد نواز شریف،مایہ ناز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور مسلح افواج کی ان کوششوں اور خدمات کی بھی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کیلئے انجام دیں۔حریت رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کا ایک مضبوط قلعہ ہے جو پوری مسلم دنیا کی امیدوں اور آرزؤں کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہاکہ غیر قانونی بھارتی قبضے کا شکار کشمیری پاکستان کو اپنا محافظ تصور کرتے ہیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کا نہ صرف ایک اہم فریق بلکہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا وکیل بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط و مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے۔ مقررین نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں 10لاکھ بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں نام نہاد انتخابات کشمیریوں کی رائے شماری کا نعم البدل نہیں ہو سکتے،عالمی برادری اپنا دوہرا معیار ترک کر کے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خود اردیت دلانے کیلئے بھارت پردباؤ ڈالے۔مقررین نے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر کی ابتر صورتحال سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے علاقے میں نام نہاد انتخابات کا ڈرامہ رچارہی ہے۔ کشمیریو ں کے تمام بنیادی حقوق سلب کئے گئے ہیں اور مقبوضہ علاقے میں ریاستی دہشت گردی اپنے عروج پر ہے۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری انتخابات کے لیے نہیں بلکہ حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں جسے وہ مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔
تقریب میں حریت رہنماؤں غلام محمد صفی،شیخ عبدالمتین، امتیاز وانی،سید فیض نقشبندی، حسن البنائی، الطاف حسین وانی، میر طاہر مسعود، شمیم شال، محمد حسین خطیب، الطاف احمد بٹ، نثار مرزا، ثناء اللہ ڈار، چوہدری شاہین اقبال، شیخ محمد یعقوب، ایڈووکیٹ پرویز احمد، محمد شفیع ڈار، جاوید اقبال بٹ، حاجی سلطان بٹ، میاں مظفر، داؤد یوسفزئی، سید اعجاز رحمانی، زاہد اشرف،شیخ عبدالماجد، گلشن احمد، منظور احمد ڈار،زاہد صفی، مشتاق احمد بٹ، سید مشتاق، عبدالمجید لون،سید منظور احمد شاہ، رئیس احمد میر،محمد اشرف ڈار،راجہ خادم حسین،نذیر احمد کرنائی،غلام نبی بابر، ذاکر احمد، اقبال بلوچ،شوکت علی ابوزر، عطااللہ اور دیگرنے شرکت کی۔