اسلام آباد ، 17 مئی ( اے پی پی ): دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے افغان عبوری حکام پر زور دیا ہے کہ وہ افغان سرزمین پر سرگرم اور پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کریں۔
اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری کو لاحق کسی بھی خطرے کے خلاف اپنے دفاع کے لیے تیار ہے۔ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پاک افغان سرحد کی صورت حال پر اپنی گہری تشویش سے آگاہ کیا ہے اور افغان حکام پر زور دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔
ایک سوال کے جواب میں، ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستانی شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے قتل میں ملوث دہشت گرد گروپوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت کے منصوبے کو مسترد کردیا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کے لوگ ہمارے بھائی ہیں اور ہم افغان حکام کی مشاورت سے افغانستان میں امن، سلامتی اور ترقی کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنا چاہیں گے۔
مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 10ویں ہنگامی خصوصی اجلاس میں فلسطین کی ریاست کو اقوام متحدہ میں مکمل رکن کے طور پر تسلیم کرنے کی تاریخی کال کی حمایت کرتا ہے۔