پاکستان کو سفارتی محاذ پر کامیابیاں مل رہی ہیں ، دوسرے ممالک کے ساتھ روابط بہت اہمیت کے حامل ہیں؛عطاءاللہ تارڑ

15

 

اسلام آباد، 27  مئی  ( اے پی پی):  وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات  عطاءاللہ تارڑ نے کہا  ہے کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر کامیابیاں مل رہی ہیں ، دوسرے ممالک کے ساتھ روابط بہت اہمیت کے حامل ہیں۔

پیر کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ ناروے اور آئر لینڈ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر مضبوط موقف اپناتے ہوئے غزہ اور رفح میں جاری مظالم کی مذمت کی اور جنگ بندی پر زور دیا،  وزیراعظم  نے دونوں ملکوں کے وزراءاعظم کو اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان ہمیشہ فلسطینیوں کے حق کے لئے آواز اٹھاتا رہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم ہر عالمی فورم پر فلسطین کے لئے آواز اٹھاتے ہیں اور مسئلہ فلسطین کے دیرپا حل کے لئے اقدامات بہت ضروری ہیں۔انہوں نے فلسطین کے حوالے سے عالمی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ  ہم فلسطین کے کاز کے لئے ہر جگہ آواز اٹھا رہے ہیں۔

عطا تارڑ نے بتایا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ایس آئی ایف سی کے تحت ون ونڈو آپریشن جاری ہے، ایس آئی ایف سی کے تحت عالمی سرمایہ کاروں کے لئے سات ڈیسک قائم کئے گئے ہیں، جس میں چین، قطر، یو اے ای، سعودی عرب، یورپی یونین، امریکہ اور مشرق بعید کے ڈیسک شامل ہیں جو پاکستان میں سرمایہ کاری لانے پر مرکوز کریں گے۔

وزیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ یو اے ای کی سرکاری پریس ایجنسی نے 10 ارب ڈالر مختص کرنے کی خبر ریلیز کی، سعودی عرب کے ساتھ بھی پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات چیت میں خاصی پیشرفت ہوئی ہے، جلد معاہدوں پر دستخط ہوں گے اور یہ معاہدے حتمی شکل اختیار کریں گے۔

عطا تارڑ نے آگاہ کیا کہ آئندہ چند دنوں میں وزیراعظم چین کا دورہ بھی کریں گے، اس دورہ میں سی پیک کے حوالے سے معاملات کو آگے بڑھانے سمیت چینی شہریوں کے حوالے سے خدشات کو دور کیا جائے گا، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ کم ہوا ، ہماری آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے نکالنے میں حکومت نے بہت محنت کی، جبکہ مخصوص ایجنڈے کے تحت کچھ لوگ منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔