اسلام آباد ،03 مئی(اے پی پی): چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پاکستان کو مستحکم اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم یوتھ پروگرام اور ہائرایجوکیشن کمیشن کے زیراہتمام ٹیبل ٹینس نیشنل لیگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے تقریب میں مہمان خصوصی شرکت کی۔
رانا مشہود احمد خان نے لیگ میں جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میرٹ کو ترجیح دیئے بغیر کامیابی ممکن نہیں،ان کا کہنا تھا کہ جو ٹیمیں اور کھلاڑی اس لیگ میں کامیاب نہیں ہو سکے،وہ مزید محنت کریں تا کہ وہ اگلی دفعہ بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں معاشی اور اقتصادی میدان میں دنیا پاکستان کی جانب متوجہ ہو رہی ہے، وہیں کھیلوں کے میدان میں بھی اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں مستقبل میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام وفاقی حکومت کا ایسا اقدام ہے کہ جس کے تحت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے بیشتر منصوبے شروع کیے گئے ہیں جس میں کھیلوں کے پراجیکٹس کے ساتھ ساتھ یوتھ لون اسکیم اور پرائم منسٹرز لیپ ٹاپ اسکیم سرفہرست ہیں۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ آج ہم ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے حوالے سے خصوصی بات کریں گے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت ہائیرایجوکیشن کمیشن کویہ ذمہ داری تفویض کی گئی کہ جامعات کے تعاون سے ملک بھر کے 25 مقامات پر12 مختلف کھیلوں کے ٹرائلز کا انعقاد کریں، پراونشل اور نیشنل لیگزکروائیں۔اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے ہٹا کرکھیلوں کے میدانوں میں واپس لائیں اور کھیلوں کے شعبہ میں پھلنے اور پھولنے کے مواقع فراہم کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیبل ٹینس کی اس لیگ میں ہر صوبے بشمول گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے دو دو ٹیمیں شریک ہوئی ہیں۔ یہ ٹیمیں پراونشل لیگز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
نوجوانوں کو بہترین مستقبل کی نوید سناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان سیف گیمز اور دیگر بین الاقوامی چیمپیئن شپس کے لیے ٹریننگ کیمپس کا انعقاد بھی کرے گی، جن میں بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو ٹریننگ کروائی جائے گی تاکہ ہمارے نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لے سکیں اور پاکستان کا جھنڈا دنیا بھر میں لہرا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کا ایک مقصد نوجوانوں میں مقابلے کی فضا پیدا کرنا، ایک دوسرے کو برداشت کرنے کی روش کو پروان چڑھانااور ملک میں کھیلوں کے رواج کو فروغ دینا ہے اور کہا کہ نوجوانوں کو ہرمیدان میں رہنمائی اورمساوی مواقع فراہم کرنے پاکستان کا مستقبل تابناک ہوگا۔
ٹیبل ٹینس لیگ میں میں لڑکوں کی کیٹیگری میں پنجاب اے، خیبر پختونخواہ اے اور بی بتدریج پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں ہیں اور لڑکیوں میں پنجاب بی پہلے نمبر پر، پنجاب اے دوسرے نمبر پر اور خیبر پختونخواہ اے تیسرے نمبر پر رہی ہیں۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمان نے جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے۔