پی ایچ اے راولپنڈی کے زیرِاہتمام جشن بہاراں فیسٹیول علامہ اقبال پارک میں جاری

52

راولپنڈی،10 مئی(اے پی پی):پی ایچ اے راولپنڈی کے زیر اہتمام تین روزہ جشن بہاراں فیسٹیول علامہ اقبال پارک میں مئی 9-11 تک جاری ہے جس کی افتتاحی تقریب کا آغاز ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے کیا، افتتاحی تقریب میں راولپنڈی شہر سے بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ افتتاحی تقریب میں پنجاب کی دلفریب ثقافت اور روایت کو اجاگر کر کے عوام کو مسحور کیا گیا۔

 فیسٹول میں پنجاب کے روایتی گھوڑا ڈانس، گھڑ سواری نیزہ بازی اور ثقافتی سرگرمیوں، موسیقی،   فلاور شو کے ساتھ ساتھ آتش بازی اور قوالی نائٹ کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔

تین روزہ  جاری فیسٹول میں لوگوں کو بہترین تفریح فراہم کرنے کے لیے پنجابی فوک میوزک لائیو پرفارمنس، لائٹ اینڈ ساؤنڈ شو، غزل شو، کلاسیکی موسیقی کے پروگرام، میوزیکل گالا کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ فیسٹیول میں کھانے پینے کے کئی سٹالز بھی لگائے گئے ہیں، مٹی کے برتنوں اور فلاور شو کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے ۔

 افتتاحی تقریب سے خطاب میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے کہا کہ پی ایچ اے پنجاب حکومت کی ویژن کے مطابق عوام کو معیاری تفریح فراہم کرنے کے حوالے سے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

فیسٹول میں نیزہ بازی اور گھڑ سواری کے پروگرام پی ایچ اے نرسری گورکھپور میں منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں پنجاب بھر سے گھڑ سوار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

راولپنڈی  اور گردونواح کے لوگوں کی جانب سے جشن بہاراں فیسٹیول میں جاری پروگرامز  کو سراہا گیا۔

Spring festival continues in Rawalpindi