ملتان،29 مئی(اے پی پی): ڈی جی پی ایچ اے ملتان آصف رؤف خان نے کہا ہے کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے )ملتان نے جناح پارک میں فوڈ ریسٹورنٹ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے اس سلسلے میں مختلف کمپنیوں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ہار ٹیکلچرافسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہارٹیکلچر چوہدری غلام نبی بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کی کامیابی نیلامی اور تکمیل کے بعد دیگر تفریح مقامات پر فوڈ پوائینٹس بنانے کے لیے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔تفریح کے ساتھ ساتھ ادارے کی سیلف انکم میں اضافہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پارکوں میں صفائی،پودوں کی تزئین و آرائش اور دیگر امور میں بہتری کےلئے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں احکامات کر دیئے گئے ہیں۔آصف روف کا کہنا تھا کہ ادارہ پارکوں میں پارکنگ سٹینڈز،کینٹینز، واشرومز،ڈسٹ بن اور جاگنگ ٹریک فعال کر رہا ہے تاکہ عوام کو بہترین تفریحی سرگرمیاں فراہم کی جا سکیں۔شہر کی گرین بیلٹس پر پودوں کو پانی کی فراہمی کےلئے صبح اور شام کے اوقات میں پانی لگایا جا رہا ہے ان کا کہنا تھا کہ گرمی کے پیش نظر پودوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔