حب،22مئی(اے پی پی):چیف منسٹرانسپکشن ٹیم ضلع حب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کیلئے مسلسل سر گرم عمل ہے، سی ایم آئی ٹی ٹیم نے مختلف محکموں کے پراجیکٹس سائٹ کے دوروں کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رکھا۔
انسپکشن ٹیم نے ضلع حب میں ماڈرن سلاٹر ہائوس ویٹرنری ہسپتال کے جارہ ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا ۔ممبران سی ایم آئی ٹی منظور زہری اور عبدالغفار اچکزئی نے ساکران میں زیر تکمیل ویٹرنری ہسپتال اور جدید ترین سلاٹر ہائوس کے پراجیکٹس سائٹ کادورہ کیا۔ دورے کے موقع پر انجینئر محکمہ مواصلات و تعمیرات بلڈنگ سیکشن رسول بخش بلوچ انجینئر اکرم قمبرانی اور انجینئر یحییٰ مینگل کے علاوہ کنٹریکٹرز فرمز کے نمائندگان موجود تھے۔
دورے کے موقع پر سی ایم آئی ٹی ممبران نے زیر تکمیل پراجیکٹس کے مختلف سیکسشن اور کوالٹی میٹیریل کو چیک کیا اور تعمیراتی کام کے معیار کو تسلی بخش قرار دیا۔
محکمہ مواصلات و تعمیرات کے انجینئر بلڈنگ سیکشن نے وزیراعلی معائنہ ٹیم کو بتایا کہ 197.960 ملین لاگت کے ماڈرن سلاٹر ہائوس کی حکومت بلوچستان نے منظوری دی لیکن مطلوبہ ضروریات کیمطابق فنڈز کا اجراء نہیں ہوا کنٹریکٹر نے اسی فیصد تعمیراتی کام مکمل کیا ہے ابتک کنٹریکٹر کو صرف چار کروڑ روپے کی ادائیگی ہوئی ہے۔
سی ایم آئی ٹی ٹیم نے ساڑھے چار کروڑ روپے کی لاگت سے زیر تکمیل ویٹرنری ہسپتال اور لیبارٹری پراجیکٹ سائٹ کا بھی معائنہ کیا۔ سی ایم آئی ٹی ٹیم نے محکمہ مواصلات کے افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی کامیابی سے تکمیل کیلئے کنٹریکٹرز کو ادائیگی میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔
چیف منسٹر انسپکشن ٹیم نے بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے زیر نگرانی ساحلی تحصیل گڈانی میں زیر تکمیل کمپلکس منصوبے کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر جنرل منیجر گڈانی شپ بریکنگ فیلڈ افس انجینئر منیر احمد بزنجو اے جی ایم محبت خان اسسٹنٹ انجینئر صلاح الدین مینگل بھی موجود تھے۔ بی ڈی اے افسران نے سی ایم آئی ٹی ممبران کو پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کی ریگولیٹری اتھارٹی کی حیثیت سے حکومت سے شپ بریکنگ انڈسٹری کی ترقی اور صنعت کاروں کو ونڈو آپریشن کی سہولیات فراہمی کے منصوبے کی منظوری حاصل کی گئی ،مالی سال 2018_19 میں اس پراجیکٹ کی منظوری دی گئی، حکومت کی جانب سے مطلوبہ ضروریات کے مطابق فنڈز جاری نہ یونے سے پراجیکٹ متاثر ہوا ہے، اس پراجیکٹ میں گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کیلئے جدید ترین فائر بریگیڈ اسٹیشن محکمہ انوائرمنٹ لیبر ویلفئر ڈیپارٹمنٹ اور بی ڈی اے دفاتر کے علاوہ محنت کشوں کیلئے مسجد کی تعمیر بھی شامل ہے،پراجیکٹ پر 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے، حکومت اس منصوبے کی ریواٙئز پی سی ون کیمطابق فنڈز جاری کرے تاکہ اس پراجکیٹ کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔ ممبران سی ایم آئی ٹی نے بی ڈی اے پراجیکٹ سائٹ میں زیر تکمیل عمارات کے منصوبوں کا معائنہ کیا۔
بعدازاں سی ایم آئی ٹی کی ٹیم نے زیر تعمیر پیرکس ڈیلے ایکشن ڈیم سائٹ کادورہ کیا، دورے کے موقع پر ایکسین ایریگیشن کینال عبدالجبار زیری نے بریفنگ میں بتایا کہ سمندر سے نزدیک ترین صنعتی علاقہ ہونے کیوجہ سے یہاں ڈیم کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے اس اہم منصوبے کی منظوری دی، پراجیکٹ کے مطابق ڈیلے ایکشن ڈیم کے باڈی اسٹرکچر ڈیزائن میں بلندی پچاس فٹ اور لمبائی 1600 فٹ رکھی گئی ہے ،ڈیلے ایکشن ڈیم کی اسپیل وے سے سات ہزار چار سو کیوسک پانی کی گنجائش ڈیزائن کی گئی ہے۔
عبدالجبار زیری نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈیلے ایکشن ڈیم کے اسپیل وے کا تخمینہ لاگت 120ملین لاگت ہے ،مطلوبہ ضروریات کیمطابق فنڈز اجراءکیا جائے تو منصوبہ جلد مکمل ہوسکتا ہے۔
سی ایم آئی ٹی ٹیم نے بعدازاں گڈانی میں محکمہ بلدیات کے زیرنگرانی تعمیر شدہ ریسٹ ہائوس کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی معائنہ ٹیم نے دورے کے دوران موقع پر احکامات جاری کیں کہ گڈانی ریسٹ ہاؤس کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے۔