نارووال، 25 مئی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنرنارووال سیدحسن رضا نےشہر کے تفصیلی دورے کے دوران جسٹربائی پاس،ظفربائی پاس سمیت مختلف مقامات پر واقع تندوروں اور ہوٹلوں پر نان اور روٹی کے اوزان اورقیمتوں کوچیک کیا اور کم وزن اورسرکاری قیمت سے زائدروٹی فروخت کرنے پرموقع پرموجودپرائس مجسٹریٹس کو خلاف ورزی کے مرتکب دوکانداروں کوجرمانہ کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے فروٹ شاپ پرریٹ لسٹیں اور فروٹ کی کوالٹی کو بھی چیک کیا اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے فارمیسی پر فارماسسٹ کی موجودگی اور مختلف ادویات کی ایکسپائری ڈیٹ کوچیک کیا۔
ڈپٹی کمشنرنارووال نے بعدازاں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزہسپتال کااچانک دورہ کیا۔انہوں ہسپتال میں گائنی وارڈ،ڈائیلاسز یونٹ،ڈینٹل یونٹ اور انڈور فارمیسی کاتفصیلی دورہ کیا اور شعبہ گائنی میں ڈاکٹرزاورپیرامیڈیکل اسٹاف کاڈیوٹی روسٹراورحاضری رجسٹرچیک کیا، انہوں نے اس دوران ایم ایس ڈاکٹرافضال راجپوت کو مریضوں کی دیکھ بھال اورحکومت کی طرف سے دی جانے والی طبی سہولیات کی فراہمی کوممکن بنانے کے حوالے سےضروری ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے اس موقع پرکہاکہ لوگوں کوطبی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہےاس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر صاحب کی جانب سے ہسپتال انتظامیہ کو تمام تر وارڈز کے کنسلٹنٹس،ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے ڈیوٹی روسٹرز ان کی ڈیوٹی پلیسز پر آویزاں کرنے اور ایڈمن آفیسر کو روزانہ کی بنیاد پر تمام تر وارڈز کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی سمیت تمام تر انتظامات چیک کرنے اور تمام تر وارڈز میں مکھی اور مچھر مار سپرے شیڈول کے مطابق کروانے کی بابت سخت ہدایات جاری کیں۔