بدین،31 مئی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے سول ہسپتال بدین میں بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلاکر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاح کے بعد عوام میں پولیو سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے سول ہسپتال سے مین روڈ تک ریلی بھی نکالی گئی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے کہا کہ اس ریلی کا مقصد عوام کو پولیو جیسے موذی مرض سے آگاہ کرنا ہے انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم 3 جون سے شروع ہو رہی ہے، میڈیا اور سول سوسائٹی مل کر اس مہم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں اور عوام کو آگاہ کریں کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کر کے اپنے معصوم بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا تاکہ پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ کر کے اپنی نسلوں کو مستقل معذوری سے بچایا جا سکے آئیے ہم سب مل کر پولیو کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ اس موذی مرض سے نجات مل سکے ۔
بعد میں ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے انڈس انتظامیہ کی زیر نگرانی چلنے والی سول ہسپتال بدین کی او پی ڈی کا بھی دورہ کیا اس موقع پر ایک مریض نے ڈپٹی کمشنر کو شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ انڈس انتظامیہ ہسپتال کے باہر سے ادویات لینے پر مجبور کرتے ہیں مریض نے ڈاکٹر کی جانب سے لکھی گئی پرچی بھی ڈپٹی کمشنر کو دکھائی جس پر ڈپٹی کمشنر بدین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انڈس ہسپتال کی او پی ڈی کے انچارج کاشف زئنورکومتنبہ کیا کہ لوگوں کی ہسپتال کے خلاف شکایات درست ہیں وہ حق پر ہیں۔
انہوں نے انچارج کو سختی سے ہدایت کی کہ ڈاکٹروں کو پابند کریں کہ وہ مریضوں کو باہر کی ادویات لکھ کر نہ دیں ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈس انتظامیہ کے خلاف شکایتی خط لکھا ضرور لکھا جائے گا اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ظہیرالدین میمن، این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر منظور میمن، ایم ایس سول ہسپتال بدین ڈاکٹر میر اختر تالپر، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، ڈاکٹر ثناء اللہ، ڈاکٹر ممتاز چانڈیو، سماجی تنظیموں کے رہنماؤں اور شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔