لاہور،19 مئی(اے پی پی): کرغزستان سے پرواز تقریباً 140 پاکستانی طلبہ کو لے کر لاہور ائیرپورٹ پہنچ گئی،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور ائیرپورٹ پر طلبہ کو ریسیو کیا۔وفاقی وزیرداخلہ نے بحفاظت وطن واپس آنے والے طلبہ سے ملاقات کی اور خیریت دریافت کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے طلبہ سے بشکیک میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بارے معلومات لیں اور مسائل پوچھے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ کرغزستان میں پاکستانی طلبہ قوم کے بچے ہیں،وزیراعظم نے اس واقعہ کے فوری بعد پاکستانی طلبہ کے تحفظ کے لئے تیزی سے اقدامات کئے،اللہ تعالٰی کا شکر ہےکہ آپ بحفاظت وطن واپس آئے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ کرغزستان میں موجود دیگر طلبہ کو بھی پاکستان واپس لایا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزراء اسحاق ڈار اور امیر مقام بھی کل کرغزستان جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بچوں کے ساتھ کھڑے ہیں، انشاءاللہ کل مزید پروازوں کے ذریعے طلبہ وطن واپس لائیں گے۔