ڈیرہ غازی خان، 20 مئی (اے پی پی):آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجادحسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں غیر ملکی شہریوں اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں کی سیکورٹی سمیت راجن پور کچہ اور دیگر علاقوں میں موجود کرمنل گینگز کے خلاف کاروائیوں اور ریجن بھر میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر بجلی چوری کے خلاف جاری کاروائیوں، ایرانی تیل کی غیر قانونی سمگلنگ روکنے، تمام داخلی و خارجی راستوں کی مکمل نگرانی اور چیک پوسٹوں پر تمام محکمہ جات کے اچھی شہرت کے حامل افسران کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کئےگئے۔اجلاس کے دوران حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ریجن بھر میں افغان مہاجرین اور مدارس میں زیر تعلیم غیر ملکیوں کی مکمل تفصیلات اور لسٹیں مرتب کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔اس موقع پر آر پی او نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران کو بین الصوبائی چیک پوسٹوں اور غیر ملکی شہریوں کی سیکورٹی کو ہائی الرٹ رکھنے اور ازسر نو سکیورٹی آڈٹ کرنے کے احکامات جاری کیے۔ آر پی او نے کہا کہ غیر ملکی شہریوں کی نقل و حرکت کے دوران ایس او پی کو مکمل فالو کیا جائے۔ بجلی چوری میں ملوث مجرمان کی گرفتاری اور چالان کی شرح میں بہتری لائی جائےاور ریورائن چیک پوسٹوں کو مزید ایکٹو کر کے تمام گزرگاہوں اور داخلی خارجی راستوں کی مکمل نگرانی کی جائے۔