ساہیوال،15 مئی (اے پی پی):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کی مصروف سڑکوں اور مارکیٹوں میں عارضی تجاوزات کا نوٹس لے لیا، کارپوریشن کا متعلقہ عملہ روزانہ کی بنیاد پر کاروائیاں کرے، ضبط کیا گیا سامان واپس نہ کیا جائے تاکہ دوبارہ تجاوزات نہ ہوں، کمشنر کی ہدایت، اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ۔انہوں نے فرید ٹاؤن روڈ، مال منڈی روڈ، ہائی سٹریٹ، عارفوالا چوک، مڈھالی روڈ اور دوسری مصروف سڑکوں کے اوپر ریڑھیوں کے کھڑے ہونے اور ٹریفک میں مسلسل خلل کو فوری دور کرنے کی ہدایت بھی کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر میں جگہ جگہ مرغی اور گوشت فروشوں کی طرف سے سڑک کے اوپر کاروبار کرنے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں اپنی دوکانوں تک ہی محدود رکھا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمداور پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔انہوں نے بشیر ٹاؤن اور ملحقہ آبادیوں کی پینے کے پانی اور سیوریج کے مسائل حل کرنے کے لئے ایک جامع سکیم تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر کی نشاندہی پر مشن چوک میں بنائی گئی سلپ روڈز کو بھی بہتر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔