کمشنر ساہیوال کا شہر میں سیوریج کے مسائل کا نوٹس، بند مین ہولز فوری کھولنے کی ہدایت

27

ساہیوال،27 مئی  (اے پی پی): کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر میں سیوریج کے مسائل کا نوٹس لے لیا۔انہوں نے  متعلقہ عملے کو بند مین ہولز فوری کھولنے کی ہدایت دی ۔

یہ ہدایات انہوں نے پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کالج روڈ اور مڈھالی روڈ پر پتھر ڈالنے کے دوران سیوریج مین ہولز بند ہونے سے شادمان، فتح شیر کالونی، گول چکر اور شہر کے کمرشل ایریا میں سیوریج کے مسائل پیدا ہوئے جبکہ فرید ٹاؤن سیوریج ڈسپوزل سٹیشن کی موٹر خراب ہونے سے بھی فرید ٹاؤن کے علاقوں میں سیوریج مسائل کا سامنا ہے ،  فرید ٹاؤن ڈسپوزل سٹیشن آج شام تک کام کرنا شروع کردے گا۔

 چیف سینٹری انسپکٹر ڈاکٹر ریاض احمد  نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ   مڈھالی روڈ اور کالج روڈ کی سیوریج لائنیں بھی آج شام تک صاف کی جائیں۔

 کمشنر شعیب اقبال سید نے رات کے اوقات میں ریڑھیوں کی سڑکوں کے درمیان کھڑے ہونے اور ٹریفک مسائل پیدا کرنے کا بھی سختی سے نوٹس لیا اور اینٹی انکروچمنٹ سکواڈ کو ہدایت کی کہ چرچ روڈ، ہائی سٹریٹ، مال منڈی اور فرید ٹاؤن روڈ پر رات کے اوقات میں بھی خصوصی ٹیم تشکیل دے کر تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے مڈھالی روڈ کی کارپٹنگ کے کام کے دوران ٹریفک مسائل سے نمٹنے کے لئے ٹریفک وارڈنز کی تعیناتی کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق،ڈائیریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق،اے سی جنرل فیصل عمران، سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔