کوئٹہ،28مئی(اے پی پی):ملک کی طرح چھبیس واں یوم تکبیر بلوچستان بھر میں شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ صوبے میں سرکاری سطح پر عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔دارلحکومت کوئٹہ میں 26 ویں یوم تکبیر پر 3 بڑی ریلیاں نکالی گئیں۔صوبائی وزیرعلی مدد جتک کی قیادت میں سریاب، صوبائی وزیر بخت کاکڑ کی سربراہی میں نواں کلی سے قومی پرچم اٹھائے نعرہ تکبیر کے نعرے لگاتے ہوئے جبکہ ائیرپورٹ روڈ سے سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں نے ریلی پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر کے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ریلی میں لوگوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی،شہر کے 3 اطراف سے آنے والی ریلیاں بلوچستان اسمبلی کے سامنے اتحاد چوک پہنچیں اور وطن عزیز کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے پر سائنس دانوں اور پاک فوج کے خراج تحسین پیش کیا۔
شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزرا علی مدد جتک،بخت محمد کاکڑ، رکن اسمبلی مینا مجید خان نے کہا کہ 28 مئی 1998 کے بعد پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوچکا ہے ملک کے دفاع کے لیے سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے آج سے 26 سال قبل بلوچستان کی سر زمین سے دشمن کو فتح کا پیغام دیا گیا پشتون بلوچ سمیت تمام اقوام یوم تکبیر پر فخر کررہے ہیں،عسکری قیادت کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے کی مذمت کرتے ہیں بلوچستان کے عوام نے ملک کے دفاع کے لیے ہمیشہ قربانیاں دیں،پاکستان کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے دشمن ہماری جڑوں کو کمزور کرنے کی کوشش کررہاہے متحد ہوئے بغیر ملک کا دفاع ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن پاکستان دنیا میں ساتواں ایٹمی پاور بنا،شہید ذولفقار علی بھٹو نے کہا تھا ہم گھاس لیں گے مگر اپنے وطن کو ایٹمی قوت بنائیں گےپاک فوج نے ملک کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں اس وقت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے مل کر کام کرنا ہے ، ملک اور سیکیورٹی فورسزز کی قدر کرنی چاہیے عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
یوم تکبیر کے موقع پر بلوچستان کے اضلاع رخشان، مکران، نصیرآباد، سبی، لورالائی، قلات، ژوب اور کوئٹہ ڈویژن سے سماجی، سیاسی، مذہبی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی طرف سے ریلیاں نکالی گئیں۔