کراچی،12 مئی(اے پی پی): آرچری کے عالمی دن کی مناسبت سے کوالٹی یوتھ آرچری ڈیولپمنٹ کی جانب سے پی ایس بی کراچی سینٹر کے آرچری ایرینا میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کوالٹی یوتھ آرچری ڈیولپمنٹ کے جنرل سیکریٹری حسان عبداللہ نے کیک کاٹا، اس موقع پر پاکستان بئیر بوآرچری فیڈریشن کے سیکریٹری فرخ بلال بھی موجود تھے۔
حسان عبداللہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ورلڈ آرچری ڈے کی مناسبت سے پاکستان میں ہم نے نیشنل آرچری ڈے منایا ہے اور اس حوالے سے اس تقریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ اس سے قبل آرچری ایرینا میں ہم نے جونیئر کھلاڑیوں کو آرچری کے قواعد و ضوابط اور گیم ڈسپلن کے حوالے سے لیکچرز بھی دئیے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان اور خاص طور پر کراچی میں آرچری کا کھیل تیزی سے فروغ پا رہا ہے، نئے اور با صلاحیت کھلاڑی سامنے آرہے ہیں جو خوش آئند امر ہے۔
تقریب میں انٹر نیشنل آرچری پلیئرزراشد مسعود،کنول حسان اورقرۃ العین کے علاوہ سینئر اور جونیئر تیر اندازوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔